پیغمبر اکرم ﷺ کےالقاب
پیغمبرگرامی اسلام کےالقاب
پیغمبر اسلام کے متعدد القاب ذکر ہوئے ہیں جن میں سے ہم بعض القاب کا ذکر کرتے ہوئے ان کی مختصر وضاحت کریں گے ۔
۱۔ احمد
قرآن مجید نے پیغمبر کو اس لقب سے یاد کیا ہے اور اسی سے یہ استنباط ہوتا ہے کہ حضرت کو اسی لقب سے "انجیل "میں بھی یاد کیا گیا ہے ۔
ارشاد ہوتاہے : "و مبشراً برسولٍ يأتي من بعدي اسمه احمد" میں اپنے بعد کے لئے ایک رسول کی بشارت دینے والا ہوں جس کا نام احمد ہے۔
احمد کے معنی ہیں "حمد کرنے والا"اور چونکہ رسول اکرم پروردگار کی حمد کیا کرتے تھے یعنی حقیقی حمد و شکر کو انجام دیتے تھے لہذا انہیں احمد کہا گیا ہے ،روایات میں ہے کہ لوگ آپ کی کثرت عبادت کی وجہ سے آپ پر اعتراض کیا کرتے تھے تو آپ فرماتے تھے : الم اکن عبداً شکوراً ؟ آیا میں شکر گزار بندہ نہ بنوں ؟
۲۔محمود
آپ کا ایک لقب محمود بھی ہے چنانچہ آپ کا اسم گرامی قرآن مجید میں محمد ہے اور آپ کو محمد اور محمود کہا گیا ہے کیوں کہ آپ کی تمام صفات لائق تعریف ہیں قرآن مجید فرماتا ہے : ’’انك لعلیٰ خلق عظيم‘‘ اور آپ اخلاق کے بلند ترین درجے پر فائز ہیں
۳۔ امی
یعنی"جس سے کسی سے تعلیم حاصل نہ کی ہو" چنانچہ قرآن مجید کا ارشاد گرامی ہے :’’ وما كنت تتلوا من قبله من كتابٍ ولا تخطّه بيمينك اذاً لارتاب المبطلون‘‘
اور اے پیغمبر ! آپ اس قرآن سے پہلے نہ کوئی قرآن پڑھتے تھے اور نہ اپنے ہاتھ سے کچھ لکھتے تھے ورنہ یہ اہل باطل شبہہ میں پڑ جاتے۔
لیکن تعلیم حاصل نہ کرنے کے باوجود قرآن جیسی کتاب لانا اہل باطل کے شک کو بالکل مسترد کر دیتا ہے ۔چنانچہ پہلے بھی ہم اس بات کی طرف اشارہ کر چکے ہیں کہ خود آپ کا امی ہونا ہی آپ کے معجزات میں سے ہے ۔ ایسا انسان جس کے بارے میں سب جانتے ہیں کہ ان پڑھ ہے اور وہ ایسی کتاب لے آئے جس میں تمام علوم موجود ہوں ،یہ کتاب اپنے آپ کو کتاب ہدایت کے ذریعہ پہچنواتی ہے اور ہدایت کے معنی راستہ بتانے اور مقصد تک پہنچانے کے ہیں اسی وجہ سے بہت سی آیات میں فلسفی دلیلوں کو بطور مختصر اور قابل فہم بیان کیا گیا ہے قرآن کوئی فقہ کی کتاب نہیں ہے لیکن اس کے باوجود ایسے ایسے قوانین اپنے دامن میں لئے ہوئے ہے کہ جس کے سامنے بشریت آج بھی سر تعظیم خم کئے ہوئے ہے ۔کیا کسی میں جرأت ہے کہ وہ قرآنی قوانین کے مانند عبادی ،سیاسی،معاشرتی ،اور جزا اور سزا سے متعلق قوانین لے آئے ؟’’ قل لئن اجتمعت الانس والجن علي ان ياتوا بمثل هذا القرآن لايأتون بمثله ولو كان بعضهم لبعضٍ ظهيراً‘‘ آپ کہہ دیجئے کہ اگر انسان اور جنات سب اس بات پر متفق ہو جائیں کہ اس قرآن کا مثل لے آئیں تو بھی نہیں لا سکتے ،چاہے سب ایک دوسرے کے مددگار اور پشت پناہ ہی کیوں نہ ہو جائیں ۔
۴۔ کریم
یہ لقب قرآن کریم سے لیا گیا ہے:’’اِنَّهُ لَقَولُ رَسُولٍ كَرِيمٍ‘‘بے شک یہ ایک معزز فرشتے کا بیان ہے
آپ نے اپنی مکی زندگی میں زیادہ مصیبتوں کا سامنا کیا حتیٰ کہ آپ کو پتھر مارےگیا اور آپ پہاڑوں میں پناہ لیتے تھے لیکن جب حضرت خدیجہ (س) اور امیرالمومنین علیہ السلام آپ کے پاس پہونچتے تو آپ کو یہی کہتے ہوئے پاتے تھے"اَللَّهُمَّ اَهْدِ قَوميِ فَاِنَّهُمْ لايَعْلَمُونَ" پروردگار میری قوم کی ہدایت فرما یہ نادان ہیں ۔
جس روز آپ ۱۲ ہزار کے لشکر کے ساتھ مکہ میں وارد ہوئے اور اپنے کسی صحابی کو یہ کہتے سنا کہ "الیوم یوم الملحمہ" آج جنگ کا دن ہے تو آپ نے امیرالمومنین علیہ السلام کو بھیجا اور یہ کہلوایا کہ لوگوں کے درمیان یہ اعلان کر دیں کہ "الیوم یوم المرحمۃ" آج کا دن مرحمت اور عفو کا دن ہے ۔
۵۔ رحمت
یہ لقب بھی قرآن کریم نے آپ کو دیا ہے : ’’وما ارسلناك الا رحمة للعالمين‘‘اور ہم نے آپ کو عالمین کے لئے رحمت بنا کر بھیجا ہے ۔
حضرت ختمی مرتبت کی رأفت و رحمت و مہربانی کو دیکھتے ہوئے قرآن مجید کا ارشاد گرامی ہے :’’فلعلَّك باخع نفسك علي آثارهم ان لم يؤمنوا بهذا الحديث اسفا ‘‘تو کیا آپ شدت افسوس سے ان کے پیچھے اپنی جان خطرہ میں ڈال دیں گے ، اگر یہ لوگ اس بات پر ایمان نہ لائے ؟
آپ کے حاالات سے یہ بتہ چلتا ہے کہ آپ کی زندگی میں افسوس بھی تھا ،آپ کا شیوہ راز و نیاز تھا ،صبر تھا نیز رنج و مصیبت بھی ۔
’’لقد جائكم رسول من انفسكم عزيز عليه ماعنتم حريص عليكم بالمؤمنين رئوف رحيم‘‘
یقیناً تمہارے پاس وہ پیغمبر آیا ہے جو تم میں سے ہے ،اور اس پر تمہاری ہر مصیبت شاق ہوتی ہے ،وہ تمہاری ہدایت کے بارے میں حرص رکھتا ہے اور مؤمنین کے حال پر شفیق و مہربان ہے ۔
۶۔ متوکل
آپ کے القاب میں سے ایک لقب متوکل ہے جس کے معنی خود کو چھوڑ کر پروردگار پر بھروسہ رکھنے والے کے ہیں ۔
آپ سے جو دعائیں ماثور ہیں ان میں اس طرح وارد ہوا ہے : ’’اللهم لاتكلني الي نفسي طرفة عين ابداً‘‘
پروردگار مجھے ایک لمحہ کے لئے میرے حال پر نہ چھوڑنا ،کہا جاتا ہے کہ ایک دشمن نے آپ کو ایک جنگ میں تنہا سوتا دیکھ کر فوراً تلوار نکالی اور آپ سرہانے آکھڑا ہوا اور کہنے لگا : اے محمد اب تمہیں کون مجھ سے بچا سکتا ہے ؟ فرمایا: خدا ،یہ جملہ اتنا سخت تھا کہ وہ شخص لرزنے لگا اور تلوار نیچے لاتے وقت اس کے ہاتھوں سے چھوٹ گئی ۔حضرت اٹھے اور تلوار اٹھائی اور تلوار اس کے سر پر کھینچ کر پوچھا : کون ہے جو تجھے بچا سکے ؟ کہنے لگا : آپ کا رحم وکرم ،یہ سنتے ہی حضرت نے اسے معاف کر دیا ۔آپ ایسے کام جن کا پورا ہونا لوگوں کی نظروں میں ناممکن ہوتا ہے ،اسے خدا پر بھروسہ کرتے ہوئے کر گزرتے تھے ۔
اسی توکل کا نتیجہ تھا کہ آپ کے پاس سب کچھ موجود تھا ۔آپ دنیا کو چھوڑ کر خدا پر بھروسہ رکھتے تھے ،اسی لئے آپ کی نظر میں دنیا کی کوئی اہمیت نہ تھی ،منقول ہے کہ آپ فرماتے تھے :دنیا کی مثال اس درخت کے سایے کے مانند ہے جس کے نیچے آدمی تھوڑی دیر آرام کرتا ہے ۔مختصر یہ ہے کہ آنحضرت متوکل تھے یعنی آپ اپنے اوپر نہیں ،خدا پر بھروسہ رکھتے تھے ،نہ ہی دوسروں پر ،اور نہ ہی دنیا پر بھروسہ رکھتے تھے ۔
۷۔ امین
آنحضرت کے دیگر القاب میں سے ایک لقب امین ہے ۔یہ ایسا لقب ہے جس کے ذریعہ عرب اسلام سے قبل حضرت کو مخاطب کیا کرتے تھے ۔تاریخ بتاتی ہے کہ قبل از بعثت آپ کے اندر غیرمعمولی کمالات موجود تھے منجملہ عفت ،صداقت ،محروموں کی امداد، اچھے معاشرتی آداب و رسوم کی رعایت ،خصوصاً صفائی اور امانتداری ،یہ ایسے صفات ہیں جنکی وجہ سے آپ عرب میں مشہور ہو گئے تھے ،جناب ابوطالب فرماتے ہیں : میں نے حضرت کو کبھی برہنہ نہیں دیکھا ،حتیٰ کہا جاتا ہے کہ کسی نے آنحضرت کو قضائے حاجت کی حالت میں نہیں دیکھا ۔
جس روز آپ کو یہ حکم ملا کہ آپ اپنی تبلیغ علانیہ شروع کردیں ،آپ نے قریش کے بزرگوں کو جمع کیا تاکہ انہیں اسلام کی دعوت دیں اور سب سےپہلے جو چیز ان سے پوچھا وہ یہی تھی کہ : تم لوگوں نے مجھ کو کیسا پایا؟ سب نے جواب دیا : بے شک آپ صادق اور امین ہیں ۔
عبداللہ بن جزعان نامی شخص جو فقیر تھا اور اسے گھر کی ضرورت تھی جبکہ آنحضرت کی عمر اس وقت صرف سات سال تھی لیکن آپ بچوں کو جمع کرتے تھے اور گھر بنوانے میں اس کی مدد کرتے تھے ۔یہاں تک کہ اس کے گھر کا نام ہی "دار النصرہ " رکھ دیا اور کچھ لوگوں کو مظلوموں کی مدد کرنے کے لئے معین کر دیا ۔
آنحضرت نہایت مودب طریقہ سے چلتے تھے ،ادب سے بیٹھتے تھے اور ادب سے بات کرتے تھے ،ہمیشہ مسکرایا کرتے تھے جس کی وجہ سے آپ کو "ضحوک" کہا جانے لگا ۔
آپ شیرین کلام اور فصیح تھے اور کبھی کسی کا دل نہیں دکھاتے تھے ،جہاں تک ممکن ہوتا لوگوں سے لطف و مہربانی سے پیش آتے تھے اور یہ ایسی چیزیں ہیں جو تاریخ کی رو سے مسلم اور یقینی ہیں ۔
۸۔عبداللہ
یہ لقب بھی قرآن کا دیا ہوا ہے ۔سبحان الذي اسري بعبده ليلا من المسجد الحرام الي المسجد الأقصي الّذي باركنا حوله لنريه من آياتنا انه هو السميع البصير پاک و پاکیزہ ہے وہ ذات جو لے گئی اپنے بندے کو راتوں رات مسجد الحرام سے مسجد اقصیٰ تک ،بے شک وہ ذات سمیع و بصیر ہے
یوں کہنا بہتر ہوگا کہ یہ لقب آنحضرت کے بہترین القاب میں سے ہے اور یہی وجہ ہے کہ تشہد میں رسالت سے پہلے اس کا ذکر ہے ، عبودیت کے چند مراتب ہیں جس میں سب سے اونچا مرتبہ لقاء اللہ ہے جسے قرآن مجید نے متعدد مقامات پر بیان کیا ہے ،چنانچہ یہ ایک ایسا مرتبہ ہے جہاں دل صرف اپنے پروردگار کی طرف جھکتا ہے"لاتلهيهم تجارة ولا بيع عن ذكر الله" تجارت اور خرید و فروش انہیں خدا کی یاد سے غافل نہیں کرتی ہے۔
یہ وہ مرتبہ ہے جہاں دل عشق پروردگار سے لبریز ہو جاتا ہے ،اور پھر انسان اپنی زندگی میں کسی بھی ہم و غم کو نہیں آنے دیتا یعنی اس کی نظر میں خدا رہتا ہے صرف خدا ۔۔۔ اور اس کا دل اطمینان و وقار سے بھر جاتا ہے :" الا بذكر الله تطمئن القلوب"پھر انسان کی زندگی میں اضطراب کی کیفیت کا بالکل خاتمہ ہوجاتا ہے ،" الا انَّ اولياء الله لا خوف عليهم ولاهم يحزنون"
بے شک اولیاء خدا کے لئے نہ کوئی خوف ہے نہ حزن و اندوہ آنحضرت معصوم تو تھے ہی ساتھ ہی ساتھ دوسروں کا گناہ بھی آپ کو رنجیدہ خاطر کرتا تھا ۔عبادت میں آپ کو بہت لطف آتا تھا بلکہ کثرت عبادت سے آپ کے پیروں میں ورم آجاتا تھا اس لئے سورۂ طٰہ نازل ہوا اور آپ کو کثرت عبادت سے منع کیا ۔
۹۔ مصطفیٰ
یہ لقب امت اسلامیہ کے لئے باعث افتخار ہے اسکے معنی "منتخب"کے ہیں خدا نے آپ کو تمام موجودات کے درمیان سے چنا اور کیوں نہ منتخب قرار پائیں ؟
آپ مختلف ابعاد کے مالک تھے ،آپ کو مقام جمع الجمعیٰ حاصل تھا ،جس جگہ عفو و رحمت اور ایثار و فداکاری کی بات آتی آپ کا نام سر فہرست ملتا ہے ،جس وقت حاتم طائی کی بیٹی مسلمانوں کے ہاتھوں اسیر کر کے لائی گئی اور اسلام قبول کر لیا تو آپ نے اسے اس کے بھائی عدی بن حاتم کے پاس بھیج دیا،عدی نے اپنی بہن سے باتیں سننے کے بعد رسول اسلام سے ملاقات کا ارادہ کیا تاکہ نزدیک سے اسلام کا مشاہدہ کرے اور اس سے آشنا ہو سکے اور اسلام کو سمجھ کر اسے قبول کرے ،ان کا بیان ہے کہ : میں پیغمبر اسلام(ص) کے ساتھ گھر جا رہا تھا کہ ایک عورت نے راستے میں رسول سے کچھ کہنا چاہا ،چنانچہ حضرت رکے اور اس کی باتوں کو سنا اور نہایت ہی لطف اورمہربانی کا مظاہرہ کیا اس نے حضرت کو بہت زیادہ دیر کھڑے رہنے پر مجبور کیا لیکن اس کے باوجود آپ نے اس کی بات نہیں کاٹی بلکہ آپ کی پیشانی پر بل تک نہ آیا۔
عدی کہتے ہیں : اس بات کی وجہ سے آنحضرت کی رسالت مجھ پر روشن ہو گئی جب میں گھر پہنچا تو وہاں انداز زندگی بالکل سادہ تھا ،گھر کا فرش بھیڑ کی کھال سے بنا ہوا تھا ،کھانے میں جو کی روٹی اور نمک تھا جس کی وجہ سے میرے سامنے آپ کے نبوت کی دوسری دلیل بھی ظاہر ہوگئی ۔جو انسان اتنی قدرت اور تمکنت رکھتا ہو ،اس کے اس قدر مرید اور چاہنے والے ہوں اس کی زندگی اس قدر سادہ ہے ؟اور آخر کار آپ کا معجزہ دیکھ کر میں آپ پر ایمان لے آیا اور مسلمان ہو گیا
حضرت نے مجھ سے فرمایا : تم تو دین اور عقیدے کے اعتبار سے ٹیکس کو حرام جانتے ہو کیوں لوگوں سے ٹیکس وصول کرتے ہو ؟ اس بات سے آنحضرت کی نبوت میرے سامنے ظاہر ہو گئی ۔
وہ پیغمبر جس کی رقت قلب کا یہ عالم ہے کہ جب اس بچے کے رونے کی آواز سنتے جس کی ماں نماز میں مشغول ہے تو اپنی نماز جلد ختم کر دیتے ہیں،یہی پیغمبر جب اس بچی کو دیکھتے ہیں جس نے اپنا پیسہ گم کر دیا ہے تو اس کو پیسا دیتے ہیں اور اس کی سفارش کیلئے اس کے گھر تک جاتے ہیں اور یہی پیغمبر جب یہ دیکھتےہیں کہ دھوکے باز یہودی سازش اور پیمان شکنی کے ذریعہ اسلام کی ترقی کی راہ میں حائل ہو رہے ہیں تو ان کے سات سو افراد کے قتل کا حکم دے دیتے ہیں اور اسی کو مقام جمع الجمعیٰ یا مختلف ابعاد کا مالک کہتے ہیں۔
عموماً اگر انسان زہد ،عبادت اور ریاضت نفس کا راستہ اختیار کر لے تو لوگوں سے اس کے تعلقات سرد ہو جاتے ہیں اور معاشرے میں اس کے لئے کوئی جگہ نہیں رہ جاتی اور اس طرح وہ لوگوں کے دلوں پر حکومت نہیں کر پاتا کیوں کہ اس کا اخلاقی پہلو ضعیف ہو جاتا ہے لیکن اس کے باوجود پیغمبر کا اخلاقی کردار نہایت قوی یا بلند تھا ،بعثت سے قبل غار حرا آپ کی عبادت گاہ تھی ،آپ عبودیت کی معراج پر فائز تھے لیکن ان تمام چیزوں کے باوجود قرآن آپ کے اخلاق حسنہ کی گواہی دیتا ہے اور لوگوں کے سامنے آپ کی ملنساری پر مہر تصدیق لگاتا ہے ۔ "فبما رحمۃٍ من اللہ لنت لھم ولو کنتَ فظاً غلیظ القلب لانفضوا من حولک"یعنی اے پیغمبر آپ گفتار ، رفتار ،زبان ،عمل کے ذریعہ لوگوں کو اپنے اطراف سے بھگاتے نہیں بلکہ انہیں چیزوں کے ذریعہ لوگ آپ کے چاروں طرف پروانوں کی طرح چکر لگا رہے ہیں اور اگر کوئی آپ کی اتباع کرنا چاہے تو ضروری ہے کہ رقیق القلب بنے قسی القلب نہ ہو
مختصر یہ کہ آپ کی ذات گرامی تمام صفات کمالیہ کی مالک تھی حالانکہ ان صفات کو اپنے اندر جمع کرنا بہت مشکل اور دشوار امر ہے ،آپ عالم، عاشق خدا ،عارف ،دشمنوں کے لئے سخت ،شجاع،خوشرو،عاقل ،آخرت کو اہمیت دینے والے بلکہ دنیا کو بھی اہمیت دینے والے تھے ،ساتھ ہی ساتھ زاہد ،سرگرم عمل اور ثبات قدم کے مالک تھے ۔
آپ کے القاب بہت زیادہ ہیں جس طرح آپ کے صفات کمالیہ بے شمار ہیں لیکن اختصار کے پیش نظر ہم فقط انہیں چند القاب کے بیان پر اکتفاء کر رہے ہیں ۔
بلغ العلیٰ بکمالہ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ کشف الدجیٰ بجمالہ
حسنت جمیع خصالہ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ صلّوا علیہ و آلہ
+ نوشته شده در جمعه هشتم دی ۱۴۰۲ ساعت 13:54 توسط اسد عباس اسدی
|